اِختتامی برکات
مُقدس پولُس رسُول ایک مُثبت کِردار کا مالک تھا۔ وہ قید کی حالت میں بھی مایوس نہیں ہوا۔ شاید اُس نے کلیسیا ؤں کو اَپنے بُرےحالات بتائے ہوں لیکن اُن میں بھی وہ قابلِ رحم اور نااُمید نہیں تھا بلکہ وہ کلیسیاؤں کو برابر سلام دُعا بھیجتا رہا۔ گو کہ مُقدس پولُس رسُول نے فِلپی کلیسیا کا قیام کِیا لیکن اُس نے اَپنے آپ کو اُس کا مالک نہیں بنایا۔ اُس کے نزدیک کلیسیا کا مالک کوئی رسُول نہیں بلکہ خُداوند یِسُوع مسیح ہے جِسے اُس نے اَپنے خون سے خریدا ہے (عبرانیوں 10: 14 )۔ کلیسیا چاہے ایذارسانی میں ہو یا آسانی میں ( فِلپیوں 1: 29 ) اُس کا تعلق خُداوند یِسُوع مسیح سے ہی ہے ۔ وہ اُسے تقدیس کے عمل سے گزارتا ہے تاکہ کلیسیا اَبدی اعزاز اور جلال کے لئے تیار ہو جائے (اعمال 20: 32 )۔
مُقدس پولُس رسُول قید میں تنہا نہیں تھا۔ اُس کے ساتھ چند اَور لوگ بھی تھے جو فِلپی کلیسیا کے لئے دُعا کرتے تھے۔ مزید برآں، مُقدس پولُس رسُول کی بشارت کے وسیلہ رُوم میں قیصر کے گھر والے بھی خُداوند یِسُوع مسیح پر اِیمان لا چکُے تھے۔ یعنی اِنجیل کی بشارت رُوم کے شاہی محل تک پہنچ چکی تھی (فِلپیوں 1: 12- 14 )۔ وہ لوگ جو قیصر کی خِدمت کرتے تھے اَب وہ خُداوند یِسُوع مسیح کی خِدمت کرتے ہیں۔ با اَلفاظِ دیگر کلیسیا کا مُستقبل اَب اُن وفادار رسُولوں اور اِیمانداروں کے ہاتھ میں نہیں تھا جو اَپنے اِیمان اور بشارت کی خاطر قُربان ہو رہے تھے بلکہ اَب قیصر کے با اثر لوگ بھی دائرہِ اِیمان میں شامِل ہو چکے تھے۔ لوگ اِنجیل کی بشارت کے وسیلہ تبدیل ہو رہے تھے جِسے کوئی بھی نہیں روک سکتا ۔
مُقدس پولُس رسُول اِیمانداروں کو یاد دلاتا ہے کہ خُداوند یِسُوع مسیح کا فضل ہمیشہ اُن کے ساتھ ہے اور خُدا کی طرف سے اُ ن کے لئے ایک تحفہ ہے جو اُس کے پیارے بیٹے کی قُربانی کے وسیلہ ہمیں مُفت حاصِل ہوا ہے۔ یہ اُسی کے فضل کے طفیل ہے کہ ہم غُربت میں بھی اَپنے اِیمان پر مُستعِد ہیں اور اِیثار و قُربانی سے اُس کی خِدمت کر رہے ہیں۔
یہ پیغام آج کی کلیسیاؤں کے لئے ہے کہ ہم جہاں بھی اور جِس حالت میں بھی ہوں، خُدا ہمارے ساتھ ہے۔ اگر ہم نے اُسے اَپنا نجات دہندہ قبُول کر لیا ہے ( www.crosscheck.org.uk ) ، تو ہمارا شمار اُن مُقدسین میں ہوتا ہے جو اُس کی ما نِند ، خاص مِلکیت اور عالمگیر اِیمانداروں کی جماعت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ اِنجیل کی بشارت آج بھی بُہت لوگو ں کی تبدیلی کا سبب بن رہی ہے اور وہ خُدا کی بادشاہی میں شامِل ہو رہے ہیں۔ لہذا ہر اِیماندار پر فرض ہے کہ وہ جہاں بھی ہو، اَپنے گفتار اور کِردار سے ارشادِاعظم کی تعمیل کرے اور اَپنے طرزِ زِندگی اور بشارتی عمل سے خُدا کے فضل اور خُداوند یِسُوع مسیح کی قُربانی کے وسیلہ اُس کے نجات بخش کام کو بیان کرے ۔ خُداوند آپ کے ساتھ رہے۔

