Word@Work, Let God's Word energise your working day!

دلیری کی عَظمت

فِلپیوں 2: 30-29
پَس تُم اُس سے خُداوند میں کمال خُوشی کے ساتھ مِلنااور اَیسے شخصُوں کی عِزت کِیا کرو۔ اِس لئے کہ وہ مسیح کے کام کی خاطِر مرنے کے قریب ہو گیا تھا اور اُس نے جان لگا دی تاکہ جو کمی تُمہاری طرف سے میری خِدمت میں ہوئی اُسے پُورا کرے۔

دلیر لوگوں کی عزت کرنا اِیمانداروں پر فرض ہے۔ خاص طور پر وہ جو اَپنے اِیمان کی خاطِر دُوسروں کی زِندگیاں بچانے  کے لئے اَپنی جان  کی بھی پروا نہیں کرتے۔ بیشک اِیمان کی خاطِر ہر عمل میں دلیری دِکھانا عقلمندی نہیں کیونکہ بعض اوقات  مُشکل حالات  میں سے بچ نکلنا بھی ایک روحانی عمل ہوتا ہے۔ کچھ لوگ ہیرو بننے کے لئے خطرات سے کھیلتے ہیں جو  کہ ایک ذاتی اور خُود غرضانہ  فعل ہے لیکن جو لوگ دُوسروں کو بچانے کے لئے اَپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں اُنہیں عزت دینا ہر مسیحی کا فرض ہے۔

مُقدس پولُس رسُول کے لئے خطرات اجنبی نہیں تھے۔ 2کُرِنتھیوں 6 : 4-10 ، 11 : 22 -33  میں ہمیں  اُس کی زِندگی سے مُتعلق خطرات  سے تفصیلی آگاہی مِلتی ہے کہ اُسے پیٹا گیا، جہاز ٹوٹنے کی بلا میں پڑا، بھُوک اور پیاس برداشت کی،  قید کی حالت میں رہا اور ساری زِندگی  خطرات اور خطرناک دَھمکیوں میں گزاری۔ یہ سب کچھ اِنجیل کی بشارت، کلیسیاؤں کے قیام اور رُوحوں کی نجات  کے لئے تھا ( 1 کُرِنتھیوں 9 : 22-23 )۔ اِپفُردِتُس  اور بُہت سے  لوگ  مُقدس پولُس رسُول کے اِس مشن میں شامِل ہو گئے۔ وہ مُقدس پولُس رسُول کے لئے مَکدُنیہ سے مالی مدد لے کر رُوم کی قیدمیں آیا تاکہ اُس کے بشارتی مشن میں مدد کی جائے۔     اِسی مقصد میں اِپفُردِتُس اور بُہت سے مُبلغین مُختلف بیماریوں کی وجہ سے ہلاک ہوئے  ( فِلپیوں 2 : 27 )۔ اُن کی بُنیادی خُواہش  یہی تھی کہ خُداوند یِسُوع مسیح ہر دِل اور ہر گھر میں بسیرا کرے حتیٰ کہ مُقدس پولُس رسُول کے وسیلہ قیصرِ رُوم  کے دِل میں بھی جِس کے لئے وہ کوئی بھی خطرہ مول لینے کے لئے تیار تھے۔

مُقدس پولُس رسُول  ایک حقیقت پسند شخصیت تھا۔ اُس نے اِپفُردِتُس  کو واپس بھیجتے ہوئے کلیسیا کو ہدایات دیں کہ وہ  اُسے خُوشی سے قبول کرے اور مُقدس پولُس رسُول سے متعلق اچھی خبر سُنیں  حالانکہ کلیسیا خُود بھی ایذا رسانی کا شِکار تھی (فِلپیوں 29:1 )۔  اَیسے حالات میں مُقدس پولُس رسُول نے کلیسیا کو اَپنے دُکھ بھُول کر اِپفُردِتُس کو خُوش آمدید کہنے اورخُدا کا شکر کرنے کی ہدایت کی ہے جِس نے بشارت کے لئے اَپنی زِندگی کو داؤ پر لگا دِیا۔

کیا ہم کسِی اَیسے شخص کو جانتے ہیں جِس نے  اَپنے اِیمان اور بشارت کی خاطر اَپنی زِندگی کو خطرہ میں ڈالا ہو یا  خطرات سے بچنے کے لئے  محتاط راستہ اِختیار کیا ہو۔ آج پوری دُنیا میں بُہت سے لوگ اَپنے اِیمان کے خاطِر دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔   شاید وہ بُہت بڑے خادِم نہ ہوں لیکن وہ  اَپنے ایمان اور بشارت کی خاطِر مُقدس پولُس رسُول اور اِپفُردِتُس جیسا جذبہ رکھتے ہیں۔ اُنہوں  نے اَپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر اَپنی خاندانی اور مُعاشرتی مُخالفت کے باوجود   بڑی دلیری سے اَپنے ایمان کی گواہی دی۔  بَعض اِیمانداروں نے  بطور مشنری اَپنے خاندان ، عزیز داروں اور  بشارت کے لئے اَپنی آرام دہ زِندگی کو خیر آباد کہا۔ بُہت  سے اِیماندار اَپنی خِدمت کے درمیان بیمار ہوئے اور کچھ حادثاتی موت کا شکار ہوئے۔ مُقدس پولُس رسُول نے کلیسیاؤں کو ہدایت دی ہے کہ اَیسے لوگوں کی ہر چند مدد کی جائے کیونکہ اَیسے اِیمانداروں کا آسمان پر بھی اعلیٰ مُقام ہے(مُکاشفہ 14: 13 )۔

Prayer 
مہربان باپ ! میَں تیری بے حد مہربانیوں کے لئے تیرا شکر کرتا ہوں اور اِقرار کرتا ہوں کہ میَں تیری خِدمت اور بشارت کے لئے اَپنے آرام دہ ماحول سے باہر نہیں نِکل سکا جِس کے لئے میَں معافی چاہتا ہوں۔ مُجھے توفیق دے کہ میَں بشارت اور مُبشرین کے لئے اَپنا دِل کھولوں اور کسِی بھی قیمت پر اُن کے ساتھ کھڑا رہوں۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسیح کے وسیلہ سے۔ آمین۔
Bible Book: