Word@Work, Let God's Word energise your working day!

" خُوشی کی یادہانی

فِلپیوں 3: 1
غرض میرے بھائیو! خُداوند میں خُوش رہو۔ تُمہیں ایک ہی بات باربار لِکھنے میں مُجھے تو کچھ دِقت نہیں اور تُمہاری اِس میں حِفاظت ہے

دُنیا میں ہر شخص خُوشیوں کا مُتلاشی ہے۔ کوئی بھی اِنسان  نہیں چاہتا کہ وہ  پریشان حال ، دُکھوں اور مصیبتوں میں گھِرا رہے لیکن خُدانخواستہ اگر ہمارے اُوپر کوئی پریشانی آ جائے تو ہم اَپنی ذاتی طاقت سے مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں اور اَپنے نجات دہندہ   خُداوند یِسُوع مسیح میں  غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ مُقدس پولُس رسُول قید کی حالت میں یہ بات بار بار کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا  کہ جیسے وہ قید کی حالت میں بھی خُداوند یِسُوع مسیح میں خُوش ہے اُسی طرح فِلپی کی کلیسیا بھی خُداوند میں خُوش رہے کیونکہ حقیقی خُوشی کا مَنبہ وہی ہے (فِلپیوں 1 :18، 2 : 17 – 18 ، 4:4 ، 4 : 10 ) اور یہی خُوشی ہمارے رُوحانی تحفظ کی ضمانت ہے۔

نحمیاہ کو جب  یروشلیم کی تعمیرِ نو کا کام سونپا گیا تو اُس وقت جبکہ وہ بُہت دباؤ میں تھا تو اُسے خُدا کی طرف سے یہی کلام مِلا کہ " خُداوند کی خُوشی ہی تیری اَصل طاقت ہے ( نحمیاہ 8 ؛ 10 )۔ ہماری  کمزوریوں اور ناکامیوں کا واحد حل خُداوند میں خُوشی اور اٰس کی شکرگزاری ہے جِس سے ہمیں  زمانہ حال میں طاقت اور مُستقبل میں اُمید حاصل ہوتی ہے۔

اِیمانداروں  کی خُوشی اُس وقت اُن کی طاقت اور حِفاظت ہوتی ہے جب وہ خُداوند میں ہوں جِس کی بُنیاد ہمارے خُدا باپ  کی مُحبت، خُداوند یِسُوع مسیح کی قُربانی اور رُوح اُلقدس   کی رَفاقت ہے(فِلپیوں 4 : 4 )۔ جیسے ہی ہم اَپنی توجہ خُدا کی طرف مَبذول کرتے ہیں اور   اُس کی طرف رَجوع لاتے ہیں تو وہ ہماری  شرمندگی اور خُوف کو خُوشی و خُرمی میں بدل دِیتا ہے۔ ہمارے حالات جیسے بھی ہوں وہ مافوق ا ُلفطرت  طریقہ سے مُداخلت کر کے اَپنے وعدوں کی تکمیل اور رُوح اُلقدس کے کام ظاہر کرتا ہے۔

   مُقدس پولُس رسُول کو اِس رُوحانی خُوشی کا تجرُبہ اُس وقت ہوا جب وہ اَپنے ساتھی سِیلاس کے ساتھ فِلپی کی قید میں تھا (اعمال 16 : 25-26 )۔قید کی حالت میں شِکایت اور شِکوہ کرنے بجائے اُنہوں  نے خُدا ئے واحد جو کُل کائنات کا خالق اور مالک ہے  کی حمد کرنا شروع کر دی جِس کے حیران کُن نتائج سامنے آئے کہ قید خانہ کے دروازے کھُل گئے اور وہ رہا ہو گئے۔ ہمارے دُکھوں اور مُصیبتوں میں حمدو ثنا ایک ایسا ہتھیار ہے جو  ہمیں رُوحانی خُوشی اور دِلی سکون دِیتا ہے جِس میں ہمارے حالات بدلنے کی بھی طاقت ہے۔ اِس لئے مُصیبت میں خُدا کا شکر اور اُس کی حمد اِیمان کی کلید ہے جِسے ہمیں اِنفرادی، خاندانی  اور کلیسیائی طور پرکرنا چاہئے جو اِیمانداروں کی رُوحانی خُوشی اور  دِلی اِطمینان ہے۔

Prayer 
پیارے آسمانی باپ! میَں تیرے بیٹے اَپنے نجات دہندہ خُداوند یِسُوع مسیح کے لئے تیرا شکر کرتا ہوں جِس کی قُربانی سے میرے گناہوں کی مُعافی ہوئی ۔مُجھے مُعاف کر کہ میَں اَپنے مسیحی اِیمان میں متزلزل رہا۔مجھے توفیق دے کہ میَں تیرے کلام میں کئے گئے وعدوں پر بھرُوسہ رَکھوں جو میرے دِل و دماغ کی روشنی ہیں اور یہ بھی کہ میَں ہر وقت اور ہر جگہ اَپنے کِردار اور گُفتار سے تیری گواہی دیتا رہوں۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسیح کے وسیلہ سے۔ آمین۔
Bible Book: