Word@Work, Let God's Word energise your working day!

بڑی واپسی

فِلپیوں 2: 11-9
اِسی واسطے خُدا نے بھی اُسے بُہت سر بُلند کِیا اور اُسے وہ نام بخشا جو سَب نامو ں سے اعلیٰ ہے۔ تاکہ یِسُوع کے نام پر ہر ایک گُھٹنا جُھکے۔ خواہ آسمانیوں کا ہو خواہ زمینیوں کا۔ خُواہ اُن کا جو زمین کے نیچے ہیں۔ اور خُدا باپ کے جلال کے لئے ہر ایک زُبان اِقرار کرے کہ یِسُوع مسیح خُداوند ہے۔

لفظ "اِسی واسطے" کا تعلق  فِلپیوں 2 :5 -8 ) سے ہے جِس میں  خُداوند  یِسُوع مسیح کا خادِمانہ مزاج  اِیمانداروں کے لئے مِثلِ راہ ہے۔ اُ س نے باپ کی مَرضی کے سامنے اَپنی صلیبی موت  کو اہمیت نہیں دی ( مرقس 8 : 31 ) اور نہ ہی اُس  جلال کو  جو اُسے مِلنے کو تھا ( یوُحنا 17 : 5 )۔  خُداوند  یِسُوع مسیح نے گنہگاروں کے لئے اَپنے آپ کو پَست کر دِیا اور اِسی واسطے خُدا نے بھی اُسے بُہت سر بُلند کیا کہ وہ کُل کائنات کا حاکم ٹھہرا ( مکاشفہ3 : 14 )۔

خُداوند  یِسُوع مسیح کی صلیبی موت اَب شرمندگی کی بجائے  "قادرِمُطلق" کے نام میں بدل چُکی تھی ( یسعیاہ 9 : 6 )۔ صلیبی موت کا دُشوار سفر اَب   ایک نیا رُخ اِختیار کرنے والا تھا کہ ہر ایک گُھٹنا  اُس کے سامنےجُھکے۔اِس پُکار  ( مرقس 15 : 13 – 14 )کہ  " اِسے صلیب دو"          کا  شکار   اَب اُس دِن کے اِنتظار میں ہے کہ ہر زُبان اِقرار کے کہ یِسُوع مسیح خُداوند ہے۔جَب ایسا ہوتا ہے تو خُدا باپ کو جلال مِلتا ہے۔

یہ اِتنی بڑی واپسی خُدا کا اِلہٰی منصُوبہ تھا جو کہ خُداوند  یِسُوع مسیح کی صلیبی موت تک وفادار رہنے کا اعزاز تھا۔ بِلاشُبہ وہ  اَپنی مصلُو بیت کے وسیلہ اِس بڑے اعزاز کو دِیکھ سکتا تھا ( عبرانیوں 12 : 2-3 ) اور وہ یہ بھی جانتا تھا کہ اُس کی یہ شرمندگی عارضی ہے۔ لیکن اِس کے باوجود اُسے اِس اذیت سے گُزرنا ہی تھا ۔ اِس اُمید کے ساتھ کہ یہ صلیبی اَذیت اِنسانی نِجات اور خُدا کے جلال کے لئے ہے۔  اِس  لئے جو لوگ اَب اِس بھید کو نہیں سمجھتے اُن کے لئے اُس کی جلالی آمد ایک صدمہ ہو گا      (َمَتی 24 : 30-31 ، 1 تِھسّلُنیکیوں4 : 16-17 ) جَب وہ زندوں اور مُردوں کی عدالت کے لئے آئے گا           ( یوُحنا 5 : 28-29 )۔  وہ تمام  لوگ اور مذہبی راہنما جنہوں نے اُس کی اُلوُہیت کو رَد کِیا، اُس کی جلالی آمد پر اِقرار کریں گے کہ یِسُوع ہی خُداوند ہے۔ یہاں تک کہ اِبلیس اور اُس کے تمام کارِندے بھی مانیں گے کہ    یِسُوع ہی خُداوند ہے (مرقس 1 : 24 )۔

اُس دِن وہ تمام دُنیادار  لوگ جنہوں نے اُسے رد کِیا روئیں گےاور چھاتی پیٹیں گے( مُکاشفہ 1 : 7 ) لیکن وہ دِن اُن کے لئے روزِ عظیم ہو گا جنہوں نے اَپنے اِیمان کی خاطِر دُکھ اُٹھائے وہی اُس کے جلال میں داخِل ہونگے ( اعمال 7 : 54-60 )۔اِس لئے حوصلہ رکھیں   ،      خُداوند    یِسُوع  مسیح  کی طرح ہماری بھی بڑی واپسی ہو گی لیکن اُن کی جو اَپنے اِیمان کے لئے  اُس کے ساتھ دُکھ اُٹھائیں گے اور جو دُکھ اُٹھائیں گے وہ اُس کے ساتھ حکومت بھی کریں گے   ( 2تِیمُتھِیُس2 : 12)۔  یہ اِیمانداروں کے لئے بڑی حوصلہ اَفزا  بات  ہے کہ وہ اَپنے اِیمان  میں        خُداوند    یِسُوع  مسیح کے ساتھ  وفادار  رہ سکیں۔

Prayer 
پیارے آسمانی باپ ! میَں تیرا شُکر کرتا ہوں کہ تُو نے خُداوند یِسُوع مسیح کو وہ مُقام دِیا ہےجِسے ایک دِن ہر آنکھ اُسے دیکھے گی۔ مُجھے مُعاف فرما کہ میَں خُداوند یِسُوع مسیح کی اطاعت کی بجائے دُنیوی عزت کی خواہش کرتا رہا۔ میَں اَپنے اُن دوستوں اور عزیزوں کے لئے دُعا گو ہوں جنہوں نے ابھی تک تُجھے اَپنا نجات دہندہ قبول نہیں کِیا کہ وہ بھی اَبدی زندگی کے وارث ہوں۔ میری مدد فرما کہ میَں اَپنے طرزِ زِندگی اور بشارت سے بہَتوں کو تیرے پاس لانے کا سبب بنوں۔ اِس سے پہلے کہ بُہت دیر ہو جائے۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسیح کے وسیلہ سے۔ آمین۔
Bible Book: