الٰہی حِکمت
معلُومات سے بھری آج کی دُنیا میں حِکمت کا فقدان پایا جاتاہے ۔معلُومات سے ہمیں صرف عِلم حاصل ہوتا ہے لیکن حِکمت وہ خُداداد صلاحیت ہے جس سے ہم دُرست عِلم حاصل کرتے اور پھر اُس عِلم کو ایک بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے دُوسرے لوگوں کو فائدہ پُہنچاتے اور خُدا کے نام کو جلال دیتے ہیں۔کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ زیادہ پڑھنے سے وہ حِکمت حاصل کرلیں گے لیکن زیادہ پڑھنے سے اُنہیں صرف معلُومات ہی حاصل ہوتی ہے۔اور کچھ لوگ اپنی کسی بہت پسندیدہ شخصیت یا کسی عقلمند شخص کی نقل کر کے حِکمت حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔وہ کسی کام کو کرنے کے لیے ایسا طریقہ کار اپناتے ہیں جو اصُولوں پر مبنی ہوتا ہے۔کبھی کبھار یہ طریقہ کام کر جاتا ہےلیکن اِس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ شخص عقلمند ہو گیا ہے بلکہ وہ کسی دُوسرے شخص کونقل کرنے والا کہلاتا ہے۔
الٰہی حِکمت صِرف خُدا سے حاصل ہوتی ہےاور صِرف وہی ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ سب چیزوں اور لوگوں کا آپس میں تعلق کیا ہے اور کیسے ہر بار دُرست نتیجہ حاصل کیا جاسکتا ہے !تو ظاہر ہے کہ اگر ایسی سمجھ بوجھ ہمارے پاس نہیں تو ہمیں اِس کے لئے خُدا سے مانگنا چاہیے۔ ویسے تو حِکمت کے لیے ہر کوئی دُعا کرتا ہے لیکن وہ لوگ جو یہ جانتے ہیں کہ اِن کا تعلق خُداوند یِسُوع مسیح کے ساتھ ہے، اُنہیں اعتماد ہوتا ہے کہ وہ اِن کی دُعا کو سنے گا اور اِن کی رہنمائی کرے گا کہ وہ عقلمندی کے ساتھ کوئی فیصلہ کرسکیں۔( یعقُوب 13:3)جب خُدا حِکمت کے لئے ہماری دُعا کا جواب دیتا ہے تو وہ بغیر ملامت کئے فَیاضی کے ساتھ دیتا ہے۔ وہ نہ تو ہمیں بے وقوف کہتا ہے کہ ہمیں معلوم نہیں کہ کیا کرنا ہے اور نہ ہی وہ ہم پر تنقید کرتا ہے کہ ہم پچھلی مرتبہ ملنے والے جواب کو بھول گئے ہیں۔خُدا جانتا ہے کہ ہم اُس کے بغیر چیزوں کو سنبھال نہیں سکتے۔ ایک حقیقی باپ کے طور پر وہ اپنے اُن بچوں سے بہت خوش ہوتا ہے جو اپنی کمیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور مدد کے لئے اُسے پکارتے ہیں ( متی 28:11)۔
بائبل مُقدس میں خُداوند یِسُوع مسیح کو خُدا کی حِکمت کے طور پر بیان کیا گیا ہے( 1 کُرِنتھیِوں 24:1، 30)۔ مُقدس یعقُوب نے یِسُوع مسیح کو جو کہ اُس کا بڑا بھائی تھا دیکھا کہ کیسے وہ بہن بھائیوں کے درمیان ہونے والے مُعاملات اور بڑھئی کے کاروبار کو سنبھالتا تھا ( متی 55:13) خُدا وند بہت فیَاض ہے اور وہ ہمیں وہ سب کچھ دیتا ہے جو ہم خود حاصل نہیں کر سکتے یا جس کے ہم لائق نہیں اور اُس میں حِکمت بھی شامل ہے۔ وہ اُسے اپنے لوگوں کو دیتا ہے کیونکہ وہ اُن سے پیار کرتاہے ۔
مُشکل وقت ہمارے لئے حِکمت کی ضرورت کو بڑھا دیتا ہے، لیکن ہمارا غرُور اکثر اِصرار کرتا ہے کہ ہم مسائل کا حل خود ڈھونڈیں جو کہ یقینا ً ناکام ہو جاتا ہے۔اِس کے برعکس ہمیں یہ کرنا چاہیے کہ جب مُشکلات آئیں تو ہمیں بڑی عاجزی کے ساتھ اعتراف کرنا چاہیے کہ ہمیں معلوم نہیں کہ کیا کرنا ہے اور خُداوند یسُوع مسیح سے مدد لینی چاہیے( امثال 3: 5-6)۔ بلاشبہ، یہ صرف مُعاشرتی، خاندانی اور کلیسیائی مُعا ملات کا حل تلاش کرنے سےمُتعلق نہیں ہے۔ یہ ہمارے بارے میں ہے کہ ہم یِسُوع مسیح کی طرح بنیں اور ایک پریشان حال دُنیا میں اُس کی نمائندگی کریں جو حقیقی حِکمت کو ناپسند کرتی ہےلیکن سب کو اُس کی اورالٰہی حِکمت کی ضرورت ہے.حقیقت تو یہ ہے کہ اُس کے بغیر ہماری زندگی میں آنے والے ہر طرح کے بحران اور بھی بڑھ سکتے ہیں۔ہو سکتا ہے آپ تعلیمی یا پیشہ وارانہ طور پر بہت زیادہ تربیت یافتہ ہوں یا پھر یہ کہ کاروبار میں آپ کا بہت تجربہ ہو یا یہ کہ آپ خاندانی ذمہ داریوں کو اچھی طرح سمجھتے ہوں لیکن اگر آج آپ حِکمت چاہتے ہیں تو خُدا سے مدد مانگیں۔اُس کا وعدہ ہے کہ وہ واضح جواب دے گا۔ جتنا زیادہ ہم مانگیں گے اُسی قدر حِکمت حاصل کریں گے یہاں تک کہ اپنی پیشہ ورانہ اور روز مرہ کی زندگی میں خُدا کی حِکمت کے ساتھ کام کرنا ہمارے لیے معمول کی بات بن جائے۔ آمین